کییف 6مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)یوکرائن نے اپنے مشرقی حصے میں پائے جانے والے تنازعے کی وجہ سے روس پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام عائد کیا ہے۔ ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں آج پیر کے روز یوکرائن کی طرف سے یہ درخواست بھی کی گئی کہ اقوام متحدہ کی یہ اعلیٰ ترین عدالت مشرقی یوکرائن میں امن و استحکام کی بحالی میں مدد کرے۔ یوکرائن کی نائب وزیر خارجہ اولینا زَیرکال نے عدالت کو بتایا کہ روس دہشت گردی کی سرپرستی کا مرتکب ہو رہا ہے اور وہ عدالت سے درخواست کرتی ہیں کہ یوکرائنی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ میں کییف حکومت کی مدد کی جائے۔ یوکرائن کے قریب تین سالہ تنازعے میں اب تک دس ہزار کے قریب انسان ہلاک ہو چکے ہیں۔